بھٹکل:12؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)ریاستی کابینہ کے وزیر برائے صحت عامہ ڈاکٹر سدھاکر نے بھٹکل سرکاری اسپتال میں 50بیڈ کا اضافہ کئےجانے کا اعلان کیا ہے۔
بھٹکل سرکاری اسپتال کا دورہ اورمعائنہ کرنےکے بعد انہوں نےکہاکہ بھٹکل سرکاری اسپتال نے پچھلے دو تین برسوں میں کافی ترقی کی ہے۔ اسپتال کی میڈیکل افسر ڈاکٹر سویتا کامت کی قیادت والی ٹیم ترقی کےلئے کوشاں ہے۔ اگلے بجٹ میں بھٹکل سرکاری اسپتال کےلئے 50بیڈ کا اضافہ کرنے کے علاوہ اسکیاننگ مشین کےلئے امداد منظور کی جائے گی۔گرچہ بھٹکل کے اسپتال میں زچگیوں کی تعداد زیادہ نہیں ہے لیکن خصوصی معاملات کے زمرےمیں شامل کرتےہوئے بھٹکل کےلئے ’’تائی ، مگو (ماں بچہ )‘‘اسپتال کا ایک وارڈ منظور کئےجانےکا وزیر نے تیقن دیا۔
بی پی ایل کارڈ والوں کو مفت خدمات :بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں بی پی ایل کارڈوالوں کو لیباریٹیری کی خدمات مفت میں انجام دینےکی انہوں نے میڈیکل افسر کو ہدایت دی ۔ لیباریٹیری کے حسابات کا جائزہ لینے کے بعد وزیر موصوف نے کہاکہ غریبوں کو اخراجات کے بوجھ سے نجات دلانی ہے۔ یہاں انجام دی جانے والی سبھی خدمات مفت میں کئےجانےکےلئے اقدام کرنےکی ہدایت دی ۔ اس موقع پر اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر کوٹاشری نواس پجاری ، رکن اسمبلی سنیل نائک، مغربی گھاٹ تحفظ دستہ کے صدر گوندنائک، محکمہ صحت عامہ کے سکریٹری ڈی رندیپ ، ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن ، ضلع پنچایت چیف ایکزیکٹیو آفسر پریانگا، ضلع میڈیکل افسر ڈاکٹر شرد نایک، بھٹکل سرکاری اسپتال کی میڈیکل افسر ڈاکٹر سویتا کامت موجود تھے۔